امریکی صدر نے غزہ کے لیے 100 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کے لیے 100 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ یہ فنڈنگ 10 لاکھ سے زائد بے گھر اور تنازعات سے متاثرہ لوگوں کو صاف پانی، خوراک، حفظان صحت کی معاونت، طبی دیکھ بھال اور دیگر ضروری ضروریات کے ساتھ مدد فراہم کرے گی۔
امریکا اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور بین الاقوامی این جی اوز سمیت قابل اعتماد شراکت داروں کے ذریعے انسانی امداد فراہم کرے گا۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے حماس کے حملوں کے لیے عام شہریوں کو قصوروار نہیں ٹھہرانا چاہیے۔ شہریوں کی جانوں کا تحفظ اور ضرورت مندوں تک امداد فوری طور پر پہنچنی چاہیے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ ہم خطے میں شراکت داروں کے ساتھ جنگ کے قانون کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہیں۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے مطالبہ کیا کہ ان لوگوں کی مدد کی جائے جو حفاظت یا امداد فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خوراک، پانی، طبی دیکھ بھال اور پناہ گاہ تک رسائی کو آسان بنایا جائے۔
واضح رہے غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے جس میں ایک ہزار سے زائد بچوں سمیت 3478 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ زخمیوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
فلسطینی وزیر اطلاعات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 678 فلسطینی شہید ہوئے۔
منگل کی شب غزہ کے ایک اسپتال پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں 500 سے زائد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔
اسرائیلی طیاروں نے اسپتال کو نشانہ بنایا تھاجس میں طبی عملہ، مریض اور پناہ لیے ہوئے عام شہری شہید ہوئے تھے۔
فلسطینی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ غزہ اسپتال پر حملے میں شہادتوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے۔
ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے اسپتال کے بعد مرکزی غزہ کے مہاجر کیمپ نصیرت میں ایک مسجد پر فضائی کارروائی کی جہاں پناہ لیے ہوئے کئی بے گھر فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















