اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بچوں کو پولیو وائرس سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ہر گھر تک پولیو ویکسین پہنچانے والے اور عوام الناس میں ویکسین کو لے کر شک و شبہات کو دور کرنے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے پولیو ویکسینیشن کو بچوں کے لئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بناتی ہے، ہمارے ہیلتھ کیئر ورکرز انسانی تاریخ کی دوسری بڑی بیماری کے خاتمے کیلئے کام کر رہے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کو پولیو وائرس سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، دنیا میں اس وقت صرف چار ممالک میں پولیو وائرس باقی رہ گیا ہے جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا اور ملک کا ہر طبقہ اس مشن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پوری قوم سے پر اپیل کی کہ قوم کے نونہالوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے اور انہیں مستقل معذوری سے بچانے کیلئے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو ویکسین کے قطروں کو یقینی بنائیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

















