Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک میں غیرقانونی طور پر رہنے والوں کو نہیں رہنے دیں گے، سرفراز بگٹی

نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ ملک میں غیرقانونی طور پر رہنے والوں کو نہیں رہنے دیں گے۔

 تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکیوں کے انخلا سے متعلق الٹی میٹم تمام غیر ملکیوں کے لئے ہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ صرف افغان شہریوں کو نکال رہے ہیں، یکم نومبر کے بعد صرف پاسپورٹ اور ویزہ پر ہی پاکستان داخلہ ہوسکے گا۔

 وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ ہم نے غیر قانونی مقیم افراد سے متعلق بات کی تھی لیکن اس کا غلط پیغام چلا گیا، ہم نے غیر قانونی طور پرپاکستان میں موجود تمام افراد کو نکالنے کی بات کی لیکن ایسا پیغام گیا کہ شاید صرف افغان شہریوں کو نکال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا پیغام صرف افغان شہریوں کے لیے نہیں، تمام غیرقانونی مقیم افراد کے لیے ہے، کسی ملک میں یہ نہیں ہوتا کہ کوئی غیرقانونی طور پر آ کر بیٹھ جائے۔،کسی کے پاس ریفیوجی کارڈ ہے یا ویزا ہے تو وہ ہمارا مہمان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تاثر دیا جا رہا ہےکہ یہ نسلی معاملہ ہے لیکن یہ نسلی معاملہ نہیں ہے، ہم تمام غیرقانونی طورپر مقیم افراد کو نکالنے کی بات کر رہے ہیں۔

 سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم بہاریوں کا معاملہ میرے علم میں نہیں تھا تاہم اس معاملے کو دیکھیں گے۔

دوران اجلاس نگران وزیر داخلہ کا آغا رفیع اللہ سے مکالمہ بھی ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ آپ کل وزارت داخلہ آجائیں اس پر بریفنگ دیتے ہیں، کل آپ کو بتائیں گے کہ حکومت کیا کر سکتی ہے اور قانون کیا اجازت دیتا ہے۔

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی بھی ملک میں یہ نہیں ہوتا کہ کوئی غیر قانونی طور پر آکر بیٹھ جائے ، کسی اور ملک میں بھی ایسا ہوتا کہ کوئی غیر قانونی طور پر آجائے تو اسے نہ نکالا جائے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو ملک سے جانے کے لیے دی گئی یکم نومبر کی تاریخ میں فی الوقت کسی توسیع کی تجویز پیش نہیں کی گئی، ہمارا یقین ہے کہ ہمیں یکم نومبر سے اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی اس ملک میں آئے گا تو پاسپورٹ لے کر آئے گا،

انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو لسانی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن جو بھی پاکستان میں غیرقانونی طور پر رہ رہا ہوگا ہم اسے نہیں رہنے دیں گے۔

سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ کسی قسم کی سفارتی مداخلت کی جا رہی ہے اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے، اگر آپ مغربی ممالک کی بات کررہے ہیں تو کیا وہ ممالک خود آپ کو دستاویزات کے بغیر چھوڑ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر مغربی ممالک اپنے شہری کے حوالے سے اتنے حساس ہیں تو ہمارے لیے بھی پاکستانی سب سے بڑھ کر ہیں۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں