امریکی ایوان نمائندگان نے اسرائیل پر تنقید کرنے پر فلسطینی نژاد کانگریس کی واحد رکن راشدہ طلیب کے خلاف قرار داد منظور کرلی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی نژاد کانگریس رکن راشدہ طلیب نے اسرائیل کے لیے امریکی حمایت اور غزہ پر اسرائیلی بمباری پر تنقید کی تھی۔
امریکی ایوان نمائندگان میں راشدہ طلیب کے بیانات کے خلاف مذمتی قرارداد کے حق میں 234 ووٹ ڈالے گئے جب کہ 188 اراکین کی جانب سے قرار داد کی مخالفت کی گئی۔
ووٹنگ سے قبل راشدہ طلیب نے کہا کہ مجھے خاموش نہیں کروایا جاسکتا اور میں آپ کو یا کسی کو میرے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش نہیں کرنے دوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ اسرائیلی حکومت اور وزیر اعظم نیتن یاہو سمیت قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، میری تنقید کبھی یہود مخالف نہیں رہی۔
واضح رہے کہ ایک ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 10 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 4 ہزار سے زائد بچے بھی شامل ہیں جب کہ اس دوران ہزاروں فلسطینی زخمی بھی ہوگئے ہیں۔




















