مقبوضہ کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں ایک سڑک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 35 مسافر اپنی جان کی بازی ہار گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے علاقے اسار میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سڑک حادثے کے نتیجے میں 35 افراد جان کی بازی ہارگئے ہیں جب کہ 20 کے قریب افراد زخمی ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور امدادی تنظیم کے رضاکار زخمیوں کو نکالنے کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔
مقامی لوگوں کا بتانا ہے کہ ایک مسافر بس ڈوڈہ کے علاقے ترنگل اسار کے قریب اس وقت حادثے کا شکار ہوئی جب وہ کشتواڑ سے جموں جارہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں بس میں سوار تمام 55 مسافر زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
سرکاری عہدیدار نے 55 مسافروں میں سے 35 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔




















