یورپی ملک ناروے کی پارلیمنٹ نے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کے اہم رکن ملک ناروے کی پارلیمنٹ میں فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کی قرارداد پیش کی گئی۔
حکمراں اتحاد کی طرف سے لائی گئی قرارداد کو پارلیمنٹ میں موجود 10 میں سے 8 جماعتوں نے قرارداد کے حق میں ووٹ دینے کے بعد منظور کر لیا۔ منظور شدہ قرارداد میں ناروے کی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کیا جائے۔
قرارداد کو اکثریت سے منظور کیا گیا، صرف کرسچن ڈیموکریٹس اور قدامت پسند پروگریس پارٹی نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔
خیال رہے کہ ناروے ان چند مغربی ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپ کے دیگر ممالک آئس لینڈ، سویڈن، پولینڈ، چیک ریپبلک اور رومانیا فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کر چکے ہیں جب کہ اسپین اور بلجیم بھی فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے پر غور کررہے ہیں۔
7 اکتوبر کو فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سرحد پار حملے کے بعد سے اسرائیل نے غزہ پر مسلسل فضائی اور زمینی حملے شروع کر رکھے ہیں جس میں ہسپتالوں، مساجد اور گرجا گھروں سمیت ہزاروں عمارتیں بھی تباہ یا تباہ ہو چکی ہیں۔
فلسطینی حکام کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق اب تک 11,500 سے زائد فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں 7,800 سے زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں اور 29,200 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
دریں اثنا، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 1,200 ہے۔




















