Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نواز شریف کی قیادت میں پورا پاکستان متحد ہے، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں پورا پاکستان متحد ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے چوہدری عابد رضا کوٹلہ کی قیادت میں گجرات سے سابق ارکان پارلیمنٹ، سابق ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی راہنماؤں کی ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی اور انتخابات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پارٹی رہنماؤں نے اپنے علاقوں میں انتخابی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے پارٹی صدر کو آگاہ کیا جبکہ شہباز شریف نے پارٹی عہدے داروں، رہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے کو بھی سراہا۔

ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ قوم نے چار سیاہ برسوں میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی کا چلا کاٹا لیکن اب عوام مطمئن ہے کیونکہ قائد نواز شریف ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے آ گئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پورا پاکستان متحد ہے، مہنگائی کی خزاں سے نجات اور آسانیوں کی بہار کا موسم جلد پھر شروع ہوگا، انشاءاللہ۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستان پھر ترقی کرے گا، صنعت اور تجارت کا پہیہ چلے گا، غریب کا چولہا جلے گا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کے آنے سے غریبوں کی امیدیں پھر سے جاگی ہیں، غریبوں کو پہلے مایوس کیا نہ آئندہ کریں گے جبکہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو معاشی خود انحصاری کی منزل سے ہم کنار کریں گے۔

 ملاقات کرنے والوں میں چوھدری عابد رضا، نوابزادہ طاہر الملک، راجہ اسلم خان، نوابزادہ غضنفر علی گل، چوہدری علیم اللہ وڑائچ، چوہدری جعفر اقبال اور دیگر راہنما شامل تھے۔

متعلقہ خبریں