قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی کے لیے شاہین آفریدی کا نام میں نے تجویز نہیں کیا۔
پاکستان ٹیم ڈائریکٹر ہیڈ کوچ محمد حفیظ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان ٹیم کا ڈائریکٹر ہوں، میرا کام پلان دینا ہے، فی الحال ہیڈ کوچ کے عہدے کی جگہ نہیں ہے، جو کوچنگ سٹاف ہے یہی کام کریں گے، حال ہی میں ریٹائرڈ ہونے والے نوجوان کھلاڑی کوچنگ اسٹاف میں شامل ہیں جو ماڈرن ڈے کرکٹ جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں کارکردگی اور تنقید سب چیزوں پر جواب دیتا رہوں گا، آسٹریلیا ٹور مشکل ضرور ہے، لیکن پوری قوت کے ساتھ کھیلیں گے، ہم آسٹریلیا کو ہرا سکتے ہیں یہ مشکل ضرور ہے ناممکن نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں محمد حفیظ نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی کے لیے شاہین آفریدی کا نام میں نے تجویز نہیں کیا اور شاہد آفریدی نے کہا میں نے تجویز کیا تو وہ ان سے پوچھیں، حالانکہ شاہد آفریدی نے خود ہی بتادیا کہ شاہین کپتان نہیں ہونا چاہیے اور رضوان کپتان ہونا چاہیے لیکن ایسا میرے علم میں کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود دونوں باصلاحیت کھلاڑی ہیں انکو ذکاء اشرف صاحب نے کپتان بنایا، میرے پروفیسر ہونے پر یہ نہ سمجھ لیں کہ مجھے سب کچھ آتا ہے، کسی واحد فرد یا گروپ کو خصوصی فائدہ نہیں دیا جائے گا۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی صلاحیتوں کا معترف ہوں، بابر اعظم کا کھیل مستقبل میں ضرور نکھرے گا جب کہ بابر اعظم اور شان مسعود کی بانڈنگ بہترین ہے، کسی سابق کھلاڑی کی سوچ پر بات نہیں کرسکتا جو ان کے خیالات ہیں ان کا احترام کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کے پر فارمرز کو عزت دی جو پرفارمنس دے رہے انکو عزت دی تاہم ایک ہی دورے میں سب کو شامل نہیں کرسکتے، البتہ انک و مستقبل میں ضرور شامل کریں گے۔



















