امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو فوجی کارروائی میں شہریوں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کرنے چاہئیں۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے تل ابیب میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی انسانی قانون اور جنگی قوانین کے مطابق کام کرے۔
انتھونی بلنکن کا کہنا ہے کہ اسرائیل جس طرح سے اپنا دفاع کرتا ہے اس سے فرق پڑتا ہے۔ فوجی کارروائی میں شہریوں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کے صدر کے ساتھ بدعنوانی سے نمٹنے کے لیے اصلاحات کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی حکومت مقبوضہ مغربی کنارے میں آباد کاروں کی حملوں کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔ امریکا کی فوری توجہ لڑائی میں توقف کو بڑھانے پر ہے۔
انتھونی بلنکن نے کہا کہ لڑائی میں توقف سے مزید یرغمالیوں کو غزہ سے باہر نکالنے اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نےواضح کیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اسرائیل کو حق ہے کہ حماس 7 اکتوبر جیسے واقعہ کو کبھی نہ دہرائے ۔
غزہ میں اسرائیلی بربریت سے 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اسرائیلی بمباری سے تباہ عمارتوں کے ملبے سے مزید 160 لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔




















