Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئین کے تحت منصفانہ الیکشن کے انعقاد کیلئے ای سی پی کے ساتھ کھڑے ہیں، مرتضیٰ سولنگی

مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہآئین کے تحت منصفانہ الیکشن کے انعقاد کیلئے ای سی پی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مالی ضرورت پوری کرنے کے لئے کوئی بحران نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی بجٹ ضروریات کے لئے 42 ارب روپے کی منظوری دی تھی،10 ارب روپے کی رقم پہلے ہی جاری کی جا چکی ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن نے منظور شدہ بجٹ کی رقم میں سے 17.4 ارب روپے جاری کرنے کے لئے رابطہ کیا ہے، ای سی پی کو جو بھی بجٹ کی رقم درکار ہوگی، اس کی ضرورت کے مطابق جاری کی جائے گی۔

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ ہم آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

متعلقہ خبریں