کمپٹیشن کَمِشن آف پاکستان نے یو ڈی ایل مُضاربہ اور یو ڈی ایل انٹرنیشنل لمیٹڈ کے مرجر کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمپٹیشن کَمِشن آف پاکستان (سی سی پی) نے لِسٹڈ کمپنی فرسٹ یو ڈی ایل مُضاربہ اور پبلک اَن لِسٹڈ کمپنی یوڈی ایل انٹرنیشنل لمیٹڈ کے مرجر(اِنضمام) کی منظوری دے دی ہے۔
اس مرجر کی منظوری سے یوڈی ایل انٹرنیشنل لمیٹڈ اب پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے رجسٹرڈ کمپنی بن گئی ہے۔
یہ مرجر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کارپوریٹ سیکٹر کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے اور ایسے وقت میں منظور ہوا ہے جب کے ایس سی انڈیکس 64000 سے بُلند سطح کو چُھو رہا ہے۔
فرسٹ یو ڈی ایل مُضاربہ کا ہیڈ آفس کراچی میں ہے اور یہ مُضاربہ کمپنیز اور مُضاربہ(فلوٹیشن اینڈ کنٹرول) آرڈیننس 1980کے تحت قائم کی گئی ۔ یوڈی ایل انٹرنیشنل لمیٹڈ کا ہیڈ آفس بھی کراچی میں ہی ہے اور وہ فروخت، خریداری، درآمد و برآمد، عمومی تجارت، عام آرڈرز اور اجناس کی مصنوعات کی فراہمی جیسی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
سی سی پی نے مرجر کی درخواست وصول ہونے پر فیز1جائزہ لیا جِس سے یہ بات سامنے آئی کہ مجوزہ ٹرانزیکشن کے نتیجے میں متعلقہ مارکیٹ میں یوڈی ایل انٹرنیشنل لمیٹڈ بالادست پوزیشن میں نہیں ہوگا۔ اس لئے سی سی پی نے اس مرجر کی منظوری دے دی۔
یہ مرجر کارپوریٹ لینڈ اسکیپ میں مثبت قدم کی نشاندہی کرتا ہے ۔

















