Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سابق اسرائیلی وزیراعظم نے نیتن یاہو کو دہشتگرد قرار دیدیا

سابق اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرٹ نے موجودہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو دہشت گرد قرار دے دیا۔

ترک میڈیا سروس ’ٹی آر ٹی ورلڈ‘ کو انٹریو دیتے ہوئے سابق اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرٹ نے اسرائیلی وزیراعظم اور حکومتی کابینہ جس میں زیادہ تر نیتن یاہو کے دوست موجود ہیں، ان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو اور ان کے حواری اسرائیل کے دشمن ہیں، وہ نہ صرف قاتل ہیں بلکہ دہشت گرد بھی ہیں۔

سابق اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرٹ نے حماس کے حملے کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم اپنی ناکامی چھپانے کے لیے دوسروں کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ایہود اولمرٹ اس سے قبل بھی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں جب کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حال ہی میں ایک بیان بھی دیا کہ حزب اللہ کے حملے بند نہ ہوئے تو لبنان کو بھی غزہ بنا دیں گے۔

واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک اسرائیل کے حملوں میں اب تک 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں  جس میں نصف سے زائد تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

جب کہ 63 صحافی جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں 56 فلسطینی، 4 اسرائیلی اور 3 لبنانی شامل ہیں. اس کے علاوہ اسرائیلی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 350 سے زائد فلسطینی شہید  ہوچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں