خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کےعلاقے ملازئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ ہلاک دہشت گرد فورسز پر حملوں، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔

















