Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انتخابات میں تاخیر کی درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دیا جائے، پیپلز پارٹی کی تجویز

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کو تجویز دی ہے کہ انتخابات میں تاخیر کی درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چاروں صوبوں کے پارٹی رہنماؤں پر مشتمل وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے الیکشن کمیشن میں ملاقات کی۔

ملاقات میں پیپلزپارٹی کے وفد نے عام انتخابات، انتظامی امور اور نگران حکومت سے متعلق الیکشن کمیشن حکام کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات بعد سینیٹر تاج حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی صورت الیکشن میں تاخیر نہیں چاہتی، الیکشن کمیشن نے بروقت الیکشن کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو تجویز دی ہے کہ انتخابات ملتوی کرانے کی درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دیا جائے، ہم نے ہر صوبے کے حلقہ بندیوں کا ڈیٹا چیف الیکشن کمیشنر کے سامنے رکھا، ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے اعتراضات بھی الیکشن کمیشن کے سامنے رکھے۔

تاج حیدر نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمیشنر نے تجویز دی کہ جیسے ہی کوئی اعتراض ہو واٹس ایپ پر بھیج دیں، پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو تجاویز بھی پیش کی، پوسٹل بیلٹ کی اپلیکیشن کو فی الفور الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر ڈالی جائے۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے وفد میں سندھ سے سینیٹر تاج حیدر، سعید غنی، ناصر حسین شاہ، ضیاء الاسلام حسن، جبکہ پنجاب سے قمر زمان کائرہ، حسن مرتضیٰ، سید موسیٰ گیلانی، عبدالقادر شاہین، خیبرپختونخوا سے فیصل کریم کنڈی، شجاع خان اور بلوچستان سے چنگیز خان جمالی، سینیٹر روزی خان کاکڑ شامل تھے۔

 

 

 

متعلقہ خبریں