نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت کرکٹ کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کی ملاقات ہوئی جس میں پی ایس ایل، چیمپینز ٹرافی کے انعقاد سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے الیکشن کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامی امور پر ذکا اشرف نے نگراں وزیراعظم کو آگاہ کیا جبکہ نگراں وزیراعظم کو کرکٹ کی بہتری کیلٸے اٹھائے گٸے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو قومی کرکٹ ٹیم کی حالیہ پرفارمنس سے بھی آگاہ کیا گیا۔
نگراں وزیراعظم نے کرکٹ کے بارے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ نگراں وزیراعظم نے ملک میں کرکٹ کی بہتری کیلٸے ذکا اشرف کو مزید اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔
انوار الحق نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری چاہتے ہیں، حکومت کرکٹ کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ کرکٹ ڈپلومیسی سے سفارتی تعلقات میں بہتری لاٸی جا سکتی ہے، پی ایس ایل کے شاندار انعقاد کیلٸے حکومت ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

















