Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں ہے، آصف زرداری

 آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں بہت برداشت کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے، جمہوریت اور جمہوریت کا نظام بہت کٹھن ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن 8 فروری 2024ء کو نہ بھی ہوں تب بھی کوئی فرق نہیں پڑتا جبکہ الیکشن کمشین کو انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار حاصل ہے، 8 فروری سے 8 سے 10 دن آگے بھی ہوجائیں تو کوئی بات نہیں، آج ہوں یا کل الیکشن ضرور ہوں گے۔

آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ بلاول نوجوانوں کا لیڈر ہے، بلاول کو سیاست سیکھانےکی ضرورت نہیں، بلاول بھٹو ملک کے نوجوان وزیرخارجہ رہے ہیں، بلاول نے18ماہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاڈلا وہ ہےجو25نشستیں جیتنے کے باوجودحکومت بناتا ہے،لاڈلا جیل میں ہے ،30سال میں لاڈلےکو بنایا گیا، ایک کم ظرف کو ملک دیا گیا جس نے بیڑا غرق کردیا جبکہ میں نے پورے پارلیمنٹ کو اختیار دے دیا ہے اور صدر کے اختیارات بھی پارلیمنٹ کو منتقل کردیئے۔

آصف علی زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان خطرے میں ہے تو ہم خطرےمیں ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے پاس امیدوار صرف وکیل ہی ہیں، وہی دفاع کررہےہیں وہی الیکشن بھی لڑیں گے، پی ٹی آئی نے سندھ میں ایم کیوایم کا ووٹ حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں حکومت میں نہیں آیا تومجھ جیسےلوگ توآئیں گے، پیپلزپارٹی اپنا وزیراعظم تو بناسکتی ہےجبکہ میں نے ہی شہبازشریف کو  وزیراعظم بنایا تھا، میں نے ہی شہباز شریف کو نمبرز پورےکرکے دیئے ،وزیراعظم میں بنوں گا یا بلاول ؟ یہ وقت بتائےگا۔

آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف سےصرف ایک ملاقات ہوئی ہے، میں تو شہبازشریف کو اپوزیشن لیڈر بھی بنانا نہیں چاہتا تھا، خورشیدشاہ نے شہبازشریف کو اپوزیشن لیڈر بنوایا۔

ان کا کہنا تھا کہ سربراہ پی ٹی آئی نے مجھےدوست کے ذریعے پیغام بھجوایا اور کہا گیا کہ آدھی مدت ہماری آدھی مدت آپ لےلیں جبکہ وہ تو پارلیمنٹ میں ہاتھ بھی نہیں ملاتا تھا، ہرحکومت کو معیشت کا فارمولا بناناپڑےگا، سربراہ پی ٹی آئی کو بھی معاشی فارمولے کا کہا تھا۔

آصف علی زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے ووٹرز دوسری پارٹی کو ووٹ کرنےکیلئے تیار نہیں، کراچی میں ہمارا بہت بڑا اسکوپ ہے، ہم کراچی کی میئرشپ بھی جیت چکے ہیں، امید ہےکہ قومی اسمبلی کی لارجزپارٹی بنیں گے جبکہ پنجاب میں ہر حلقے سے امیدوار کھڑےکریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہم میثاق معیشت پر مذاکرات کریں گے جبکہ میری خواہش ہےکہ آصفہ بھٹو الیکشن میں آئیں، آصفہ ابھی ہمارا سوشل میڈیا دیکھتی ہے، امید ہےکہ ہر جگہ سے اچھی نشستیں مل جائیں گی۔

متعلقہ خبریں