پی ٹی آئی پی کے چئیرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات ہی ملک کے بحرانوں کا واحد حل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین (پی ٹی آئی پی) کے چئیرمین پرویز خٹک نے وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اقتدار کے حصول کی آڑ میں ملکی اداروں کے خلاف سازش میں مصروف عمل تھے،یہ تبدیلی کے نام پر حکومت کے آنے کے بعد خود چوروں کے سردار بن گئے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر مال کماؤ کی پالیسی بنائی، عوام اس گمراہ کن ٹولے کے نرغے میں نہ آئیں۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اداروں کے درمیان خوشگوار تعلقات مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں اور ہم اداروں کے ساتھ ہیں جبکہ قانون و آئین کی بالادستی کے بغیر جمہوریت اور جمہوری ادارے مستحکم نہیں ہوسکتے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک ناسور ہے، امن کے قیام کے لئے پاک فوج جانوں کے نذرانے پیش کررہی ہے جبکہ ہمارے جوان دہشت گردی کے خلاف جہاد کر رہے ہیں اوران کی ناقابل فراموش لازوال قربانیوں پر قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام کی جنگ لڑی جبکہ بروقت، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات ہی ملک کے بحرانوں کا واحد حل ہیں۔
پرویز خٹک نے یہ بھی کہا کہ مخالفین کی سوچ جہاں ختم ہوتی ہے، وہاں سے میری سیاسی سوچ شروع ہوتی ہے،8 فروری کو مخالفین کو ناکوں چنے چبوائیں گے۔
پی ٹی آئی پی کے چئیرمین پرویز خٹک نے مزید کہا کہ قوم ہمارا ساتھ دے، عام انتخابات شفاف، غیرجانبدارانہ اور آزادانہ ہوں گے اس بات کا ہم کو یقین ہے، وزیراعلیٰ بن کر خیبرپختونخوا کی محرومیوں کا خاتمہ کروں گا۔

















