عام انتخابات کیلئےانتخابی عمل کا آج سے باقاعدہ آغاز ہوگیا، کاغذات نامزدگی اجرا کے حوالے سے ریٹرننگ افسران نے پبلک نوٹس جاری کردیے۔
قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے آج کاغذات نامزدگی وصول کیے جارہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل 22 دسمبرتک جاری رہے گا، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 سے 30 دسمبرتک ہوگی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی پراعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کےخلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی، امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے، ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔

















