سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں ہونے والے ایک حملے کے نتیجے میں 5 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں بھارتی فوج کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں 5 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق حملے میں متعدد فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں جب کہ بھارتی فوج پر حملہ تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں میں بیرندر سنگھ، کرن کمار، چندن کمار اور گوتم کمارشامل ہیں جب کہ زخمیوں کی شناخت سندیپ کمار، شیام سندر داس اور توڈمل دنیشور بھاسکر کے نام سے ہوئی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے علاقے میں کارروائی اب بھی جاری ہے۔




















