نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل آئین اور جمہوریت سے وابستہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت آئینی عمل کی پیداوار ہے، پاکستان کے آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ملک کا مستقبل آئین اور جمہوریت سے وابستہ ہے، نگران حکومت کی مدت میں توسیع کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتخابات کی تاریخ دینا، اس میں تبدیلی اور توسیع کرنے کا اختیار صرف الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس ہے اور الیکشن کمیشن نے واضح اعلان کیا ہے کہ انتخابات 8 فروری 2024ءکو ہوں گے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، اس حوالے سے کسی کو کسی قسم کا شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچ مظاہرین کے حوالے سے ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوئی، بلوچستان سے آئے ہوئے مظاہرین کے مطالبات دیرینہ ہیں۔خواتین اور بچوں کو رہا کر دیا گیا ہے، زیادہ تر مرد حضرات بھی رہا ہو گئے ہیں جبکہ بلوچستان سے آئے ہوئے خواتین اور بچوں کو تحفظ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ پیمرا ایکٹ میں صحافیوں کو ملازمت کے حوالے سے تحفظ حاصل ہے، صحافیوں کے روزگار کے تحفظ کے لئے قانونی اقدامات اٹھائیں گے۔

















