بھارت میں ایک فوجی افسر نے اپنے بیڈروم میں وائی فائی کے سگنل نہ آنے پر انٹرنیٹ کمپنی کے ملازمین کی درگت بنا ڈالی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کے ایک افسر نے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی کے ملازمین کو صرف اس وجہ سے تشدد کا نشانہ بنایا کہ ان کے بیڈ روم میں وائی فائی کے سگنل نہیں آ رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق ملازمین پر تشدد میں فوجی افسر کا بھائی اور چار سیکورٹی گارڈز بھی مبینہ طور پر ملوث پائے گئے ہیں۔
انٹرنیٹ کمپنی کے دو ملازمین ایک شکایت پر دیویش متل نامی شخص کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں ان کی فوجی افسر سے تلخ کلامی ہوئی۔
آئی اے ایس کے فوجی افسر امان متل مہاراشٹر واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن محمکہ میں بطور ڈپٹی سیکریٹری کے طور پر کام کرتے ہیں، امان متل نے دونوں ملازمین کا بیڈروم میں وائی فائی کے سگنل نہ آنے پر برا بھلا کہا۔
انٹرنیٹ کمپنی کے ملازمین کا کہنا تھا کہ امان متل نے اپنے بھائی اور چار سیکوریٹی گارڈز کے ساتھ مل کر ان پر لاٹھیوں سے بہیمانہ تشدد کیا۔
انٹرنیٹ کمپنی کے انجنیئر کی مدعیت میں آئی اے ایس افسر امان متل، ان کے بھائی اور چار سیکوریٹی گارڈز کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے مگر تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔




















