نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شناختی کارڈ اور ب فارم بنوانے والوں کو بڑی خوشخبری سنا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر کم عمر بچوں کے ب فارم بنوانے کیلئے آسان طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے۔
نئے آسان طریقہ کار کے مطابق بچے کے کمپیوٹرائزڈ پیدائش سرٹیفکیٹ کے ہمراہ والدین میں سے کوئی ایک یا عدالت سے متعین سرپرست (گارڈین) تشریف لائیں۔
دونوں والدین موجود ہوں تو ایک درخواست دہندہ اور دوسرا تصدیق کنندہ ہو گا، اگر والدین میں سے کوئی ایک موجود ہوں تو درخواست فارم کی تصدیق گزیٹڈ آفیسر یا عوامی نمائندے (ایم این اے، ایم پی اے یا بلدیاتی اداروں کے عہدیدار اور ارکان) سے کرانا ہو گی۔
نادرا کی جانب سے جاری گائیڈ لائینز کے مطابق شناختی کارڈ کیلئے بچے کی موجودگی لازم ہے۔ بچے کی تصویر اور 10 سال سے زائد عمر بچوں کے فنگرپرنٹس بھی لیے جائیں گے۔
یونین کونسل میں کمپیوٹرائزڈ پیدائش کے سرٹیفکیٹ کی سہولت نہ ہونے پر یونین کونسل کا مینوئل پیدائشی سرٹیفکیٹ یا اسکول سرٹیفکیٹ قابل قبول ہو گا۔
اس کے علاوہ نادرا کی طرف سے شہریوں کو مزید معلومات اور درکار رہنمائی کی سہولت کے لیے 24 گھنٹے ہیلپ لائن نمبر 051111786100 بھی جاری کیا گیا ہے جبکہ موبائل صارفین مطلوبہ معلومات اور درست رہنمائی حاصل کرنے کیلئے نادرا کے نمبر 1777 یا آفیشل ویب سائٹ https://nadra.gov.pk پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

















