Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

توشہ خانہ کیس؛ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پرفردجرم عائد کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ سکنڈل ریفرنسز کی اڈیالہ جیل میں سماعت کی، عدالت کی جانب سے ملزمان کو کمرہ عدالت میں چارج شیٹ پڑھ کر سنائی گئی جبکہ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

بانی پی ٹی آئی کے وکلاء اور نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل مظفر عباسی بھی ٹیم کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود تھے، اس دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کی گئی۔

دوران سماعت بانی توشہ خانہ کیس کی سماعت 11 جنوری تک ملتوی کردی گئی، آئندہ سماعت پر نیب کی جانب سے 12 گواہان پیش کیے جائیں گے جبکہ 190 ملین پاؤنڈ سکنڈل ریفرنس میں فرد جرم 17 جنوری کو عائد کی جائے گی۔

سماعت سے قبل جج محمد بشیر نے تحریک انصاف کے بانی چیرمین اور بشریٰ بی بی کی ضمانتوں پر محفوظ شدہ فیصلہ بھی سنایا، عدالت نے دونوں ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان میں توشہ خانہ مقدمے کی نقول تقسیم کر دی تھیں تاہم شریک ملزمہ بشریٰ بی بی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں