Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ڈونلڈ ٹرمپ جج سے الجھ پڑے، اپنے مؤکل کو قابو کرو، جج کی وکیل کو تنبیہ

صدر ڈونلڈٹرمپ کے خلاف سول فراڈ کیس کی سماعت  کے دوران سابق امریکی صدر جج سے الجھ پڑے۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سول فراڈ کیس کے دوران عدالت میں پیش ہوئے جہاں وہ جج سے ہی الجھ پڑے اور انہیں ڈانٹ دیا جس پر جج نے امریکا کے سابق صدر کے وکیل کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے مؤکل کو سنبھالو۔

خیال رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ  ٹرمپ کے خلاف سول فراڈ کا مقدمہ دائر ہے،ان پر کاروباری اثاثوں کی زائد مالیت بتا کر بینکوں اور بیمہ کنندگان کو دھوکا دینے کا بھی الزام ہے۔ نیویارک اٹارنی جنرل نے عدالت سے ٹرمپ پر کم از کم 370 ملین ڈالر جرمانہ کرنے اور ان کے بیٹوں کے نیویارک میں کاروبار  پر مستقل پابندی لگانے کی درخواست کی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام لگایا کہ یہ سارے ہتھکنڈے انہیں دوبارہ صدر بننے سے روکنے کی کوشش ہیں، جج نے مداخلت کی کوشش کی تو ٹرمپ نے عدالتی احترام بالائے طاق رکھتے ہوئے جج کو ہی کھری کھری سنادی۔

سول فراڈ کیس کی سماعت کے دوران  ٹرمپ حتمی دلائل خود دینا چاہتے تھے تاہم اجازت نہ ملی جس پر سابق صدر سیخ پا ہوگئے اور انہوں نے جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمھارا بھی اپنا ایجنڈہ ہے، تم ایک منٹ سے زیادہ سن نہیں سکتے جس پر جج نے ٹرمپ کے وکیل کو وارننگ دے دی۔

جج کی جانب سے خبردار کیے جانے کے باوجود ٹرمپ نے کمرہ عدالت کو انتخابی دنگل میں تبدیل کردیا، بولے پراسیکیوٹرز کی کوشش ہے کہ انہیں دوبارہ صدر بننے سے روکیں۔

کیس کی سماعت کرنے والے جج آرتھر اینگورون کو گھر پر بم حملے دھمکی بھی ملی جس پر نیویارک کی ناساؤ کاؤنٹی پولیس نے کارروائی شروع کردی۔

متعلقہ خبریں