عالمی ہاکی رینکنگ میں پاکستان نے اپنی پوزیشن ایک درجے بہتر بنا لی ہے۔
ایف آئی ایچ کی جانب سے جاری شدہ عالمی رینکنگ میں پاکستان 15ویں نمبر پر آگیا، پاکستان کی رینکنگ حالیہ اولمپک کوالیفائر ایونٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر حاصل کیے گئے پوائنٹس پر بہتر ہوئی۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی جانب سے جاری شدہ نئی عالمی رینکنگ میں ہالینڈ پہلے، بیلجیئم دوسرے اور انڈیا تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ نیوزی لینڈ 10ویں، آئرلینڈ11ویں، کوریا 12ویں، ملائیشیا 13ویں، ساؤتھ افریقہ 14ویں، پاکستان 15ویں اور جاپان 16ویں نمبر پر موجود ہے۔
ایف آئی ایچ رینکنگ میں کمبوڈیا 96ویں رینکنگ پر موجود ہے۔
خیال رہے کہ عالمی رینکنگ میں قومی ہاکی ٹیم کی ایک درجہ بہتری اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد دیکھنے میں آئی جہاں قومی ٹیم نے اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
یاد رہے کہ 3 مرتبہ کی اولمپکس گولڈ میڈلسٹ پاکستان ہاکی ٹیم لگاتار تیسری مرتبہ اولمپکس کیلئے کوالیفائی نہیں کر سکی ہے۔ مسقط میں ہونے والے کوالیفائرز کے تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف دو مرتبہ برتری حاصل کرنے کے بعد بھی ناکام رہی۔
پیرس اولمپکس میں جگہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کو اولمپکس کوالیفائر میں تیسری پوزیشن حاصل کرنا لازمی تھی لیکن تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ نے 2-3 سے ہرادیا ۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کی شکست پر مینیجر ہیڈ کوچ نے ناقص امپائرنگ پر سوال اٹھا تے ہوئے بتایا کہ نیوزی لینڈ کے دوسرے گول پر کپتان نے ریفرل مانگا تو ٹی وی امپائر نے معذرت کرتے ہوئے کہا وہاں کیمرا نہیں بال کلیئر نظر نہیں آرہی جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو گول دے دیا گیا اور مقابلہ برابر ہوگیا۔



















