لاہور: سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں ایک اینٹ نہ لگی پھر بھی کرپشن انڈیکس بڑھ گیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن صدر شہباز شریف نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چور چور ڈاکو ڈاکو کا ورد کرکے ملک میں زہر گھولا گیا، یہ الیکشن پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں کرپشن میں مزید اضافہ ہوا، 50 لاکھ گھر کے بجائے انہوں نے ایک اینٹ نہیں لگائی، ادویات اسپتالوں میں مفت ملتی تھی اسکو بند کردیا گیا، نوکریوں کے بجائے بےروزگاری میں اضافہ کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ چینی مافیاز کے ہاتھوں بیچی گئی، اربوں روپے بٹورے، ایک رات پریس کانفرنس کی اچانک چینی پر کمیشن بنادیا، وہ دن ہے اور آج کا دن کمیشن کی ایک رپورٹ تک نہیں آئی۔
انکا کہنا تھا کہ 2018 میں جہازوں میں لوگوں کو لاد کر بنی گالہ لایا گیا، بدترین دھاندلی اور جادو کے ذریعے ایک حکومت آئی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے کسی معاشرے میں کرپشن مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی، نوازشریف کے دور میں پاکستان کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوئی، 2013 اور 2018 کے دور میں اربوں کھربوں کی سرمایہ کاری ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 1997 میں پہلی موٹروے کا افتتاح کیا، ان پر کئی الزامات لگائے گئے، موٹروے آج لاکھوں لوگوں کو سفر کی سہولتیں فراہم کررہی ہے۔
صدر ن لیگ نے کہا کہ ٹرانسپرنسی کی رپورٹ کا تعلق بھی براہ راست الیکشن سے ہے، کروڑوں نوجوان اس الیکشن میں ووٹ ڈالیں گے، نوجوانوں کا مستقبل اس الیکشن سے جڑا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پیسے بانٹ کر شناختی کارڈ رکھے جارہے ہیں تو ووٹ کی بدترین توہین ہے، نوازشریف نے کہا تھا ووٹ کو عزت دو، 8 فروری کو عوام جو فیصلہ کریں گے اسے تسلیم کریں گے، بلاول بھٹو جہاں سے مرضی الیکشن لڑیں یہ انکا حق ہے، کوئی بھی الیکشن لڑے مہم چلائے یہ انکا حق ہے۔

















