ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بڑی خبر آ گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر متعدد امیدواروں کو وارننگ نوٹسز جاری کر دیئے۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران نے صوبہ پنجاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے واقعات کا نوٹس لے کر متعدد امیدواروں کو وارننگ نوٹسز جاری کئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ این اے 155 لودھراں سے امیدوار جہانگیر ترین کو حلقے میں ترقیاتی کام کروانے پر نوٹس جاری کیا گیا، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر اوکاڑہ نے پی پی 188 سے امیدوار ملک غضنفر کو اسلحے کی نمائش پر نوٹس جاری کیا۔
اسی طرح پی پی 208 خانیوال سے امیدوار محمد طیب کو خلاف ضابطہ تشہیری مواد پر وارننگ جاری کی گئی، خانیوال کے مختلف حلقوں کے 4 امیدواروں کوبھی نوٹسز جاری کئے گئے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پی پی 232 وہاڑی کے امیدوار علی وقاص ہنجرا، این اے 160بہاولنگر کے سید محمد اصغر، پی پی 238 کے انعام باری لالیکا سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے جبکہ بہاولپور کے مختلف حلقوں کے 9امیدواروں کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔

















