نگران وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی تنظیم نو کی منظوری دے دی جس کے تحت پی آئی اے کو 2 کمپنیوں میں تقسیم کر دیا جائے گا۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی تجویز پر پشاور میں 8 میں سے 4 احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے کی منظوری دی۔
کابینہ نے ان عدالتوں کے ججز کی تقرری کے حوالے سے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی تجویز منظور بھی کرلی۔
اعلامیے کے مطابق باقی ماندہ عدالتیں احتساب عدالتوں کے طور پر کام کرتی رہیں گی، ان تبدیلیوں سے قومی خزانے پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔
وفاقی کابینہ نے نجکاری ڈویژن کی سفارش پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائینز کی تنظیم نو کی منظوری دے دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائینز گزشتہ کئی برسوں سے خسارے میں ہے جبکہ کابینہ کے گزشتہ اجلاسوں میں پی آئی کی مالی و انتظامی تنظیم نو کے لیے فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کی منظوری دی گئی۔
بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ فنانشل ایڈوائزر کی جانب سے بین الاقوامی مثالوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پی آئی اے کی مالیاتی تنظیم نو کا منصوبہ تشکیل دیا ہے جس کے تحت پی آئی اے کو دو کمپنیوں ٹاپ-کو اور ہولڈ-کو میں تقسیم کردیا جائے گا۔
بریفنگ دیتے ہوئے یہ بھی کہا گیا کہ پی آئی اے کے بنیادی آپریشنز انجنئیرنگ، گراؤنڈ ہینڈلنگ، کارگو، فلائیٹ کچن اور ٹریننگ کو ٹاپ-کو جبکہ دیگر ادارے جیسا کہ پریسیژن انجینئرنگ کمپلیکس ، پی آئی اے انوسٹمنٹ لمیٹیڈ اور دیگر ذیلی اداروں و پراپرٹیز کو ہولڈ -کو میں شامل کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے نجکاری کو حکومتی ملکیتی اداروں کے پی آئی اے پر تصفیہ طلب رقوم کے حوالے سے معاملات جلد نمٹانے کی ہدایت دی جبکہ وفاقی کابینہ نے وزارت نجکاری کی سفارش پر فرسٹ وویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری کی منظوری بھی دے دی۔
کابینہ نے وزارتِ دفاع و پیداوار کی سفارش پر لیفٹینٹ جنرل طاہر حمید شاہ کو پاکستان آرڈیننس فیکٹریز بورڈ کے رکن اور چیئرمین کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دی جس پر اطلاق 30 نومبر 2023 سے ہوگا۔
وزارت خارجہ کی سفارش پر کابینہ نے میجر عابد منصور خان کو سعودی عرب کی وزارت دفاع کی جانب سے خدمات کے اعتراف میں ملنے والے ایوارڈ نوت شجاعت اور نوت شرت وصول کرنے کی اجازت دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر محمد اشرف خان، پروٹوکول افسر کے لیے اُن کی خدمات کے اعتراف میں آسٹریا کی حکومت کی جانب سے گولڈ میڈل وصول کرنے کی اجازت دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر ان ادویات کی قیمتوں کی ڈی- ریگولیشن کے حوالے سے تجاویز کی منظوری دے دی جو کہ انتہائی ضروری ادویات کی نیشنل لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 01-02-2024کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

















