امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ظلم کے خلاف نہ اٹھے تو بھتہ خوری اور دہشتگردی ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اب یہ تحریک عوام اپنا حق لیکر ہی ختم کریں گے، پہلے انہوں نے سروسز بند کر دی لیکن پاکستان کے عوام کچھ اور ہی سوچ کر بیٹھے تھے، عوام نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، اس گلے سڑے نظام پر ایک تماچہ ہے۔
نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں عوام نکلے اور عوام کا مینڈیٹ ایک طرف، قربانی ہماری اور مسلط دہشت گردوں کو کر دیا گیا، الیکشن کمیشن کی دہشت گردی اب نہیں چلے گی، ایم کیو ایم بھتہ خور منظور نہیں ہیں، جب دیکھا کہ حالات ساز گار ہیں تو انہوں نے شب خون مار دیا، دو پٹی کی چپل میں آنے والے ارب پتی اور کھرب پتی بن گئے، رزلٹ اور فارم 45 ہمارے پاس ہیں، پورے شہر میں کسی حلقے پر ایم کیو ایم کے ووٹ 10 ہزار بھی نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر کے عوام نے بھتہ خوروں کو شکست دے دی، فارم 45 ہمارے پاس ہیں جس میں این اے اور پی ایس کی نشستیں جماعت اور آزاد امیدواروں نے جیتی ہیں، جماعت اسلامی نے اصل مینڈیٹ کو ہمیشہ تسلیم کیا ہے اور غلط پر مزاحمت کی ہے، ہم نے پی ٹی آئی کے دوستوں سے کہا تھا کہ جماعت اسلامی پی ٹی آئی کے لوگوں کا مقدمہ بھی لڑے گی، فارم 45 جمع کر لیں ہر محاذ پر مینڈیٹ کے خلاف جدوجہد کریں اور لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جن غباروں پر زبردستی ہوا بھری کی گئی وہ غبارے بہت جلد پھٹنے والے ہیں، وڈیروں اور جاگیرداروں نے کراچی کے شہریوں کو تباہ و برباد کر دیا، کراچی کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے وڈیروں اور جاگیرداروں اور ان کے آلہ کاروں کو مسترد کر دیا ہے، ایم کیو ایم والے کس منھ سے احتجاج کریں گے، مینڈیٹ تسلیم کرو گے تو سروں پر بٹھائیں گے لیکن بندوق کی نال پر عزت نہیں کریں گے۔
نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم اپنی ذات کے لیے نہیں قوم کے مستقبل کے لیے لڑیں گے، آج جو نعرے آپ لگانا چاہ رہے ہیں کہ وہ ڈیڑھ سال بعد مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ایسے نعرے لگائیں گے، پولیس کے اہلکاروں کے دل ہمارے ساتھ دھڑکتے ہیں یہ اپنی ڈیوٹی ادا کر رہے ہیں، نتیجے کو بازیاب کروانے کے لیے جدوجہد کریں گے، کل شہر میں 8 بڑے مقامات دھرنے دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کے سامنے حقائق پیش کیے جائیں گے، اگر آپ کو ذاتی مفاد پر فروخت نہیں ہونا بلکہ حق اور سچ کی بنیاد پر اکھٹا ہونا ہے، 269 لوگوں کو جلانے والے کو عوام کے ماتھوں کا جھومر بنا کر عوام کے ساتھ بہت بڑی زیادتی کی گئی، الیکشن کمیشن سن لے کہ آپ کو اپنا فیصلہ واپس لینا ہو گا۔

















