Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نیدرلینڈز کی عدالت کا اسرائیل کو لڑاکا طیاروں کے پرزوں کی فراہمی روکنے کا حکم

نیدر لینڈز کی عدالت نے حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو جنگی لڑاکا طیاروں کے پرزوں کی فراہمی بند کر دے۔

قطری خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق ہالینڈ کی ایک عدالت نے حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی پر بمباری میں اسرائیل کی جانب سے استعمال ہونے والے ایف 35 لڑاکا طیاروں کے پرزوں کی فراہمی روک دے۔

عدالت نے واضح خطرہ ظاہر کیا کہ ان پرزوں کو بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

آج ایک اپیل عدالت کی جانب سے سنائے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس بات کا واضح خطرہ ہے کہ نیدرلینڈز جو پرزے برآمد کر رہا ہے وہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں میں استعمال ہو رہے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ اسرائیل غزہ پر حملوں میں اپنے ایف 35 طیارے استعمال کر رہا ہے جس کی وجہ سے ناقابل قبول شہری ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔

یہ فیصلہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور آکسفیم کی جانب سے گزشتہ سال نچلی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کے بعد سامنے آیا تھا جس میں ان کی اس دلیل کو مسترد کردیا گیا تھا کہ ان پرزوں کی فراہمی سے مبینہ طور پر غزہ میں اسرائیل کی طرف سے انسانی قوانین کی وسیع پیمانے پر اور سنگین خلاف ورزیوں میں مدد ملی ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیلی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جنگی جرائم میں ملوث ہے۔

متعلقہ خبریں