راولپنڈی میں پاکستان آرمڈ سروسز سولجرز بورڈ کے سربراہ میجر جنرل نیئر نصیر کی نگرانی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹینیٹ جنرل عبدالقیوم نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
بریفنگ کا مقصد ادارے کے مقاصد اور کارکردگی سے ایکس سروس مین سوسائٹی کے ڈیلیگیشن کو آگاہ کرنا تھا۔
پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹینیٹ جنرل عبدالقیوم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مایہ ناز اور پیشہ ور مسلح افواج کے ادارے اپنی بہادر سپاہ کا نہ صرف دوران سروس خیال رکھتے ہیں بلکہ سبکدوشی کے بعد بھی انکی فلاح و بہبود کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع کے ماتحت قائم ہونے والے ادارے پاکستان آرمڈ سروس سولجرز بورڈ کی وساطت سے ریٹائرڈ فوجیوں کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، پاکستان آرمڈ سروسز سولجرز بورڈ کی اس سلسلے میں کارکردگی قابل تحسین ہے۔
لیفٹینیٹ جنرل عبدالقیوم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان بننے سے اب تک بیس ہزار فوجی اپنی جانیں ملک کی حفاظت کیلئے نثار کر چکے ہیں جن میں سے دس ہزار تو صرف دہشتگردوں سے مقابلوں میں شہید ہوئے، شہداء کے لواحقین کی دیکھ بھال ہمارا قومی فریضہ ہے جس میں پاکستان آرمڈ سروسز بورڈ کا ایک کلیدی کردار ہے۔
صدر پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی لیفٹینیٹ جنرل عبدالقیوم نے ادارے کی کارکردگی خصوصا پینشنروں، بیواؤں اور شہدا کے لواحقین کے لیئے کی گئی خدمات کو سراہا۔

















