Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں ڈاکوؤں نے فوڈ ڈلیوری بوائے کو قتل کردیا

کراچی میں ڈاکوؤں نے آن لائن فوڈ ڈلیوری بوائے کو قتل کردیا۔ 

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں دن بدن امن وامان کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے اور گزشتہ دو ماہ کے دوران کمسن بچی اور 2 سگے بھائیوں سمیت ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 30 شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

کراچی میں امن قائم کرنے کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات کو بھی ہوا میں اڑا دیا گیا اور شہر میں اسٹریٹ کرائمز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جہاں ڈاکوؤں کے ہاتھوں نہتے شہریوں کی ہلاکتیں بھی رپورٹ ہورہی ہیں۔

حال ہی میں شہر قائد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے ایک نوجوان کو قتل کردیا جو اپنے بوڑھے ماں باپ کا سہارا تھا۔

جامعہ کراچی کے اسٹاف گیٹ پی ایس او پیٹرول پمپ کے سامنے سروس روڈ پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے آن لائن فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کوقتل کردیا۔

مقتول نوجوان کی شناخت 22 سالہ محمد وقاص حنیف ولد محمد حنیف کے نام سے ہوئی جو 3 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔ مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق جائے وقوع سے پولیس کومقتول کا موبائل فون، پرس، فون چارجر،ہینڈ فری سمیت دیگر سامان اورموٹرسائیکل بھی ملی۔

پولیس کے مطابق مقتول نوجوان کوایک گولی سینے پر لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی جب کہ جائے وقوع سے تیس بورپستول کا ایک خول بھی ملا جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں