پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ملک میں افراتفری ، بے چینی بے یقینی کی صورتحال ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کا راگ الاپنے والی ن لیگ پنجاب کو بادشاہت کی طرز پر چلا رہی ہے، مریم نواز اپنی کہی بات کہ ہم حکمران خاندان ہیں کو سچ ثابت کر رہی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اپنے والد سے پنجاب کابینہ کی میٹنگ کی صدارت کروائی، انہوں نے ثابت کیا کہ وہ خود کو اور اپنے خاندان کو آئین اور قانون سے بالاتر سمجھتی ہیں، ان کے والد نے کس حیثیت میں میٹنگ کی صدارت کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف ایک متنازعہ ممبر قومی اسمبلی ہیں، اُن کی قومی اسمبلی کی متنازعہ سیٹ کا کیس عدالتوں میں ہے،جس پر ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب سے ایک آئینی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے وارنٹ گرفتاری جاری کروائے گئے، وارنٹ گرفتاری جاری کر کے صوبوں میں تصادم میں کروانے کی کوشش کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں افراتفری ، بے چینی بے یقینی کی صورتحال ہے، عدلیہ سے اُمید ہے کہ وہ ان حالات پر نوٹس لے۔

















