Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہمیں اپنے مستقبل کے لئے سرمایہ کاری کرنی ہے ، وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہمیں اپنےمستقبل کے لئے سرمایہ کاری کرنی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں بھی دنیا کے دیگر ممالک کی طرح جنگلات کاعالمی دن منایا جارہا ہے، پاکستان کے کل رقبے کے 5 فیصد سے بھی کم پر جنگلات ہیں اور ہر سال ان جنگلات کا تقریباً 1.5فیصد رقبہ کم ہو رہاہے، اس کے پاکستان کے حیاتیاتی تنوع ، ماحولیات اور زراعت پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ماحولیات سےسب سے زیادہ متاثر ہونے والے ایک ملک کی حیثیت سے پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث رونما ہونے والے واقعات میں اضافہ اور پاکستان کا ان سے بری طرح متاثر ہونا اس امر کامتقاضی ہے کہ ہم اپنے مقامی جنگلات کو محفوظ بنائیں۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2016 میں پہلی بار’’ گرین پاکستان‘‘منصوبہ شروع کیا جس کامقصد ملک میں جنگلات کارقبہ بڑھانا تھا ، اس دوران حیاتیاتی تنوع کو محفوظ بنانے کے لئے اجتماعی کوششیں کی گئیں، اب اس کے اگلے مرحلے کا آغاز کر رہے ہیں جس کے تحت جنگلات کے رقبے کو بڑھانے،جنگلی حیاتیات کے مساکن کو محفوظ بنانے اور فضا میں کاربن کے اخراج کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیات میں جنگلات کے اہم کردار کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم جنگلات کے تحفظ کا عزم کرتے ہیں۔ملک بھر میں جنگلات کے ماحولیاتی نظام کا تحفظ کیا جائے گا کیونکہ ان پر ہمارےماحول کی بہتری اور ہماری زندگی کا دارومدار ہے، اپنے خوشحال کل کے لئے آج ہمیں درخت لگاناہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج ہمیں اپنےمستقبل کے لئے سرمایہ کاری کرنی ہے، آج ہمیں اپنے انمول وسائل کے تحفظ کے لئے مل کر کوششیں کرناہوں گی اور اپنی آئندہ نسلوں کے لئے اپنی ذمہ داری کو مؤثر طریقے سے ادا کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں