آئی پی ایل کی فرنچائز چنئی سپر کنگز کو 5 بار ٹرافی جتوانے والے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 17ویں سیزن کا آغاز کل سے ہونے جارہا ہے اور ایونٹ کا ابتدائی میچ دفاعی چیمپئن چنئی سپر کنگز اور رائل چیلنجرز بینگلور کے درمیان کھیلا جائے گا۔
تاہم ایونٹ کے آغاز سے صرف ایک دن قبل چنئی سپر کنگ کے کامیاب ترین کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے قیادت چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
چنئی سپر کنگز کی جانب سے آئی پی ایل 2024 کے لیے ٹیم کے نئے کپتان کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔
دفاعی چیمپئن چنئی سپر کنگز نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہندر سنگھ دھونی نے ٹیم کی کپتانی نوجوان بلے باز رتوراج گیکواڈ کو سونپ دی ہے۔
مہندر سنگھ دھونی نے 2008 میں شروع ہونے والی آئی پی ایل کے پہلے سیزن سے چنئی سپر کنگز کی کپتانی کی۔
مجموعی طور پر دھونی نے اب تک 212 میچز میں چنئی سپر کنگز کی کپتان کی جس میں 128 میں کامیابی اور 82 میں شکست ہوئی۔
دھونی کی کپتانی میں چنئی سپر کنگز نے 5 بار آئی پی ایل ٹرافی اپنے نام کی۔ اس کے علاوہ دھونی کی کپتانی میں چنئی سپر کنگز نے 2 بار چیمپئنز لیگ ٹائٹل بھی جیتے۔
واضح رہے کہ 2022 کے آئی پی ایل میں دھونی چنئی سپر کنگز کی کپتانی سے دستبردار ہوئے تھے اور ان کی جگہ رویندرا جڈیجا کو کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم صرف 8 میچز کے بعد جڈیجا نے کپتانی چھوڑ دی تھی اور ایک بار پھر دھونی کو ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔
چنئی سپر کنگز نے گزشتہ سال دھونی کی کپتانی میں پانچویں بار آئی پی آیل ٹرافی جیتی تھی۔



















