سیکیورٹی فورسز نے تربت میں پاک بحریہ کے ائیربیس پی این ایس صدیق پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 دہشتگروں کو جہنم واصل کردیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چند دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے تربت میں پاک بحریہ کے ائیر بیس پی این ایس صدیق پر حملے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے قومی اثاثوں کی حفاظت یقینی بناتے ہوئے بروقت اور مؤثر کارروائی کی۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ تربت میں ائیربیس پی این ایس صدیق پر 25 اور 26 مارچ کی درمیانی شب میں حملہ کیا گیا جس پر بحری دستوں کی مدد کے لیے ارد گرد موجود سیکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کے موثر جواب کے بعد مشترکہ کلیئرنس آپریشن میں چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ تاہم دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی بلوچستان کے سپاہی نعمان فرید شہید ہوئے، 24 سالہ سپاہی نعمان فرید شہید کا تعلق مظفرگڑھ سے ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید کسی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے جب کہ مسلح افواج ملک سے دہشتگردی کی لعنت ہرقیمت پرختم کرنے کے لیےپرعزم ہیں۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، فرنٹیئر کور بلوچستان کے سپاہی نعمان فرید نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ شہید کی عمر 24 سال اور مظفر گڑھ کا رہائشی تھا۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے تربت نیول ایئربیس پر دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور شاباش دی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے دہشتگرد جہنم واصل ہوئے اور ہم ایک بڑے نقصان سے بچ گئے، ہم دہشت گردی کی عفریت کو کچلنے کے لیے پر عزم ہیں جب کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
اس سے قبل خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں مصطفیٰ، قسمت اللہ اور اسلام الدین سمیت 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر خودکش دھماکے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ بشام کے قریب پیش آیا کہ سامنے سے آنے والی دھماکا خیز مواد سے بھری کار غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد ایک زوردار دھماکہ ہوا۔

















