Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

این اے 207 پر آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ کامیاب

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 سے پیپلز پارٹی کی امیدوار  آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ کامیاب ہوگئیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری حلقہ این اے 207 سے بلا مقابلہ منتخب ہوگئی ہیں۔ آر او نوابشاہ علی شیر جمالی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق آصفہ بھٹو سمیت  11 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھےتاہم  7 آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے جب کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سردار شیر محمد رند نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل نہیں کی۔

معراج گوپانگ، امان الله سولنگی اور عبدالرسول بروہی کے کاغذات نامزدگی بحال ہوئے تھے تاہم کاغذات نامزدگی بحال ہونے والے تینوں امیدوار آصفہ بھٹو زرداری کے حق میں الیکشن سے دستبردار ہوگئے۔

تینوں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد اب این اے 207 پر آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ کامیاب قرار پائی ہیں۔

خیال رہے کہ سردار شیر محمد رند عام انتخابات میں آصف علی زرداری کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر تھے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 نوابشاہ سے آصف زرداری کامیاب ہوئے تھے تاہم صدر مملکت منتخب ہونے کے بعد ان کی نشست خالی ہوئی تھی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آصفہ بھٹو زرداری کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ آصفہ بھٹو زرداری کو بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آصفہ بھٹو جمہور کا علم بلند رکھنے کیلئے قومی اسمبلی میں عوام کی آواز بنیں گی۔

متعلقہ خبریں