وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نےکہا ہےکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی ہے۔
وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اپبنے ایک بیان میں کہا کہ مسیحی برادری کو ایسٹر کا تہوار مبارک ہو، ایسٹر مسیحی دنیا کا خاص تہوار ہے۔ بین المذہب ہم آہنگی کا فروغ اور اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسیحی عقائد کے مطابق ایسٹر کا تہوار یسوع مسیح کے دوبارہ جی اٹھنے کی یاد میں منایا جاتا ہے، دیگر اقلیتوں کی طرح مسیحی برادری بھی اپنے عقائد اور تہوار منانے میں آزاد اور خود مختار ہے۔
وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے لیئے آواز بلند کی ہے، تمام اقلیتیں اس ملک کی اقتصادی اور معاشی ترقی میں ایک ستون کی مانند ہیں۔
یاد رہے کہ ہر سال دنیا بھر میں مسیحی برادری ایسٹر کا تہوار مناتی ہے جس کے دوران مہمانوں کی آؤ بھگت کے لئے انواع و اقسام کے کیک، بسکٹ اور دیگر ڈشز تیار کی جاتی ہیں۔
ایسٹر کے تہوار سے جُڑی سب سے دلچسپ روایت ‘ایسٹر ایگز’ کی ہے، بچے نہایت شوق اور دلچسپی کے ساتھ انڈوں کو قوس و قزاح کے رنگوں میں رنگ دیتے ہیں جس کے بعد عزیز و اقارب کے ساتھ کھیل کے مقابلوں میں انہیں استعمال کیا جاتا ہے۔

















