ترکیہ نے غزہ جنگ بندی تک اسرائیل کو 54 مصنوعات کی برآمدات پر پابندی عائد کردی۔
ترکیہ کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور امداد میں اضافے تک اسرائیل کو برآمدات پر پابندیاں عائد کرے گا کیونکہ اسرائیلی حکومت نے محصور اور بمباری والے علاقے میں امداد بھیجنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
ترکیہ کی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں حملے بند کرنے اور مناسب انسانی امداد کی اجازت دینے تک یہ فیصلہ برقرار رہے گا۔
ترکیہ کی وزارت تجارت نے منگل کے روز کہا ہے کہ وہ لوہے اور اسٹیل کی مصنوعات، جیٹ فیول، تعمیراتی آلات، مشینوں، سیمنٹ، گرینائٹ، کیمیکلز، حشرہ کش دواؤں اور اینٹوں پر مشتمل 54 زمروں میں اب اسرائیل کو اشیاء نہیں بھیجے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے اور بین الاقوامی برادری کو نظر انداز کر رہا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک اسرائیل فوری طور پر جنگ بندی کا اعلان نہیں کرتا اور غزہ میں انسانی امداد کی مناسب اور بلا تعطل فراہمی کی اجازت نہیں دیتا۔
فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی چھ ماہ سے جاری جنگ میں اب تک 33 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ متعدد ممالک نے اسرائیلی حملوں اور محاصرے سے پیدا ہونے والی ہلاکتوں اور انسانی بحران پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔




















