آج ہم آپکو بتائیں گے کہ وزن کم کرنے کے لئے ادویات کا استعمال صحت کیلئے فائدہ مند ہے یا نقصان دہ۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق بالغ اور نوعمر افراد میں وزن کم کرنے کے لیے غیر محفوظ ادویات کے استعمال میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ موٹاپا کم کرنے کے لیے لوگ ڈاکٹروں کی ہدایات کے بغیر ہی غیر محفوظ ادویات کا استعمال باقاعدگی سے کر رہے ہیں۔
تحقیق کے دوران ماہرین نے امریکا سمیت دیگر ممالک کی 90 تحقیقات کے ڈیٹا کا جائزہ لیا اور مجموعی طور پر ماہرین نے 6 لاکھ سے زائد افراد کے ڈیٹا کو دیکھا۔
مذکورہ افراد میں بہت بڑی تعداد نو عمر افراد کی بھی تھی جن کی عمریں 18 سال یا اس سے کم تھیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ مجموعی طور دنیا بھر کے 6 فیصد نو عمر افراد ڈاکٹروں کی تجویز کے بغیر ہی وزن کم کرنے والی مختلف ادویات اور خصوصی طور پر گولیاں استعمال کر رہے ہیں۔
نو عمر افراد میں زیادہ تر لڑکیاں وزن کم کرنے والی ادویات استعمال کر رہی ہیں جو کہ خطرناک ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے سال 2022 میں بتایا تھا کہ دنیا بھر میں 40 کروڑ بچے موٹاپے کا شکار ہیں اور امریکا سمیت یورپی ممالک میں تیزی سے بچے اور نوعمر افراد موٹاپے کا شکار بن رہے ہیں۔
عام طور پر وزن کم کرنے والی ادویات کو بچوں کو استعمال نہیں کرنے دیا جاتا کیوں کہ ان کے استعمال سے ڈپریشن بڑھنے سمیت دیگر صحت کے مسائل بھی ہوسکتے ہیں۔




















