لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جیل میں بیٹھا شخص وزیراعظم پر جھوٹے الزام لگارہا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ میں پیچھے ہٹنے کیلئے 10 ارب روپے کی پیشکش کا جھوٹا الزام لگا، بے بنیاد الزامات کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہتک عزت کے نئے قانون پر جلد از جلد فیصلہ کیا جائے گا، ہتک عزت کا الزام ثابت ہوتا ہے تو 3 ملین کا ہرجانہ ادا کرنا ہوگا، اگر کوئی سمجھتا ہے ہتک عزت 3 ملین سے زیادہ ہے تو اسے ثابت کرنا ہوگا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہتک عزت کا نیا قانون لانے پر سب متفق ہیں، ملک میں ہتک عزت کے قانون کی اشد ضرورت ہے، ہتک عزت کا نیا قانون سوشل میڈیا پر بھی لاگو ہوگا، ہمارے ہاں ہتک عزت کے نوٹس کی پرواہ نہیں کی جاتی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ لوگوں کی پگڑیاں اچھالنا ایک جماعت کا وتیرہ ہے، جیل میں بیٹھے شخص نے وزیراعظم پر جھوٹے الزام لگائے، 21 دن میں 3 پیشیاں ہوں گی ان تاریخوں میں جواب جمع کرانا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کی پگڑیاں اچھال کر سستی شہرت حاصل کی جاتی ہے، حکومت کوئی بہتری کا کام کرے تو مخالفت شروع ہوجاتی ہے، بغیر دیکھے سوچے سمجھے تنقید شروع ہوجاتی ہے۔

















