لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے، ممکنہ وسائل ضرور فراہم کریں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کی ملاقات ہوئی جس میں عمومی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے متعلقہ حلقوں کے مسائل اور عوامی ضروریات سے آگاہ کیا۔
مریم نواز نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلی محلے، شہروں اور دیہات کی صفائی ستھرائی کا پائیدار نظام وضع کررہے ہیں، ڈویژنل ہیڈکوارٹر اور بڑے شہروں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم لارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر گلی محلے کو صاف دیکھنا چاہتی ہوں، جلد کام شروع کر دیا جائے گا، عوام کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے، ممکنہ وسائل ضرور فراہم کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ ساہیوال میں فراہمی و نکاسی آب کا جدید ترین پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے، ملتان، جہانیاں، وہاڑی اور دیگر شہروں کے لئے ملتان وہاڑی ایکسپریس وے بنائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کے اسپتال میں کیتھ لیب اور کارڈیالوجی کی دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ملاقات کرنے والے جہانیاں کے ایم این اے چوہدری افتخار نذیر، ساہیوال کے ایم پی اے قاسم ندیم، لاہور کے ایم پی اے محمد شعیب صدیقی، سیالکوٹ کے ایم پی اے خرم خان ورک شامل تھے۔
اس کے علاوہ ملاقات میں سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، معاون خصوصی ذیشان ملک بھی موجود تھے۔

















