سعودی حکام نے ہرطرح کے وزٹ ویزے پر مکہ مکرمہ میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق اب ہرطرح کے وزٹ ویزے پر مکہ مکرمہ میں داخلے پر پابندی ہوگی اور آج سے صرف حج ویزے کے حامل افراد ہی مکہ مکرمہ میں داخل ہو سکیں گے۔
سعودی وزارت داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ مکہ مکرمہ میں موجود وزٹ ویزے کے حامل افراد فوری طورپر وہاں سے نکل جائیں۔
اس سے قبل حرمین شریفین کی انتظامیہ نے ایام حج کی آمد سے قبل غلاف کعبہ کو زمین سے 3 میٹر اونچا کردیا ہے، غلاف کعبہ 15 ذی الحج تک زمین سے 3 میٹر اوپر رہے گا۔
غلاف کعبہ کو اونچا کرنے کا مقصد حج کے ایام میں غلاف کو کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رکھنا ہے۔
ماضی میں عازمین غلاف کعبہ کو چھونے کے ساتھ اس کے ٹکڑے تبرک کے طور پر کاٹ کر ساتھ لے جاتے تھے جس سے غلاف کو نقصان پہنچتا تھا۔




















