کیا آپکو معلوم ہے کہ کس عمر کے لوگوں میں فالج کی شرح بڑھ رہی ہے؟ اگر نہیں تو ضرور جان لیں۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق جوان افراد میں اس کی شرح بڑھ رہی ہے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ 2011 سے 2022 کے دوران 18 سے 44 سال کی عمر کے افراد میں فالج کے کیسز کی شرح میں 14.6 فیصد جبکہ 45 سے 64 سال کی عمر کے افراد 15.7 فیصد اضافہ ہوا۔
اس عرصے میں ہر عمر کے افراد میں فالج کے کیسز کی شرح میں 7.8 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ماہرین کے مطابق امریکا میں موٹاپے اور درد کش ادویات کے بہت زیادہ استعمال کے باعث جوان افراد میں فالج کے کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1999 سے 2018 کے دوران امریکا میں مردوں میں موٹاپے کی شرح 27.5 فیصد سے بڑھ کر 43 فیصد جبکہ خواتین میں 41.9 فیصد تک پہنچ گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ 40 سے 59 سال کی عمر کے افراد میں موٹاپے کی شرح سب سے زیادہ 44.8 فیصد ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ 2006 سے 2015 کے دوران 45 سال سے کم عمر افراد میں فالج کے باعث اسپتال داخلے کی شرح میں اضافہ ہوا۔
محققین کے مطابق وجوہات کی شناخت کو سمجھنے سے ہمیں اس کے پھیلاؤ کی روک تھام میں مدد ملے گی جبکہ مریضوں کے لیے بہترین علاج فراہم کرنا بھی ممکن ہوگا۔




















