کابل: افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں دریا پار کرنے کے دوران کشتی ڈوبنے سے بچوں سمیت 20 افراد ڈوب گئے۔
ننگرہار صوبے کے انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ قریشی بدلون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ مشرقی ننگرہار کے ضلع مومند درہ کے بساول علاقے میں ہفتے کی صبح ایک کشتی دریا میں ڈوب گئی جس میں خواتین اور بچے سوار تھے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں پانچ افراد زندہ بچ گئے، جبکہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ننگرہار کے انفارمیشن اینڈ کلچر ڈپارٹمنٹ نے میڈیا کے ساتھ شیئر کیے گئے ایک پیغام میں کہا ہے کہ حکام نے علاقے میں ایک میڈیکل ٹیم اور ایمبولینس بھیجی ہیں۔
صوبائی حکومت کے عہدیداروں نے بتایا کہ کم از کم پانچ لاشیں برآمد کی گئی ہیں اور دیگر کی تلاش کی کوششیں جاری ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق علاقے کے رہائشی باقاعدگی سے خراب حالت میں کشتیوں کا استعمال کرتے ہوئے ندی پار کرتے ہیں کیونکہ قریب کوئی پل نہیں ہے۔




















