پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی کے رہنماؤں کی جانب سے گورنر پنجاب سردار سلیم احمد کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔
عشائیے میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئیر رہنما شہلا رضا نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور انہوں نے عشائیے سے خطاب کیا۔
رہنما پیپلز پارٹی شہلا رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو اداروں پر چڑھائی کرتے ہیں آج ان کے حق میں فیصلہ آ گیا ہے، بنائی ہوئی پارٹی اورمسلط کی ہوئی پارٹی میں فرق ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو حکومت نہیں چاہیے، ہم نے عہدہ اس لیے لیا کہ بتائیں گے کہ ملک کیسے چلے گا، ہم نے پارلیمنٹ کو تالا لگنے نہیں دیا۔
شہلا رضا نے کہا کہ ہم نے اپنی چیئرمین کا جنازہ اٹھایا اور پھر انتخابات ہوئے، ہم جیل بھی گئے اور کوڑے بھی کھائے، ہم نے تنصیبات پر حملہ نہیں کیا۔
عشائیے سے خطاب میں رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ 3 سال 8 مہینے میں ملک کو پیچھے لے جایا گیا، 18 ویں ترمیم کے بعد سندھ میں بڑے پراجیکٹ بنائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی تنظیم کومزید مضبوط کرنا ہوگا، آئی ایم ایف سے معاملات ٹھیک ہیں، دوست ممالک بھی آج ہمارا ساتھ دے رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہم نے آپشن کے طور پر سیاست نہیں کی، قوم کو اب فیصلہ کرنا ہے کہ قوم کس کے ساتھ ہے۔

















