پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کے احتجاج کی وجہ سے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے ، جب کہ قیدیوں کی وین بھی اسمبلی کے باہر پہنچادی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے احتجاج پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، پنجاب اسمبلی کے باہر قیدیوں کی وین بھی کھڑی کر دی گئیں اور اسمبلی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
صرف ن لیگ اور اتحادیوں کو اسمبلی آنے کی اجازت دی جا رہی ہے، جب کہ پنجاب اسمبلی کے راستے میں دو مقامات پر اپوزیشن کے اراکین کو روکنے کے لئے پولیس تعینات ہے۔
اپوزیشن اراکین اسمبلی رکاوٹیں توڑتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے گیٹ پر پہنچ گئے، حکومت کے خلاف اپوزیشن اراکین کی نعرے بازی جاری ہے جب کہ احتجاج کی قیادت احمد خان بھچر کررہے ہیں ۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے 11 لوگوں کو معطل کیا گیا ہے جو غیر آئینی ہے، اسپیکر ملک محمد احمد خان اس وقت پارٹی بن گئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان وزیراعلیٰ مریم نواز کی تقریر کے دوران ہلڑ بازی، ہنگامہ آرائی، گالی گلوچ اور ایوان کا تقدس پامال کرنے پر سنی اتحاد کونسل کے 11 اراکین پنجاب اسمبلی کی رکنیت معطل کردی تھی۔
سنی اتحاد کونسل کے 11 ارکان کی رکنیت 15 روز کےلیے معطل کی گئی اور ان کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا کہ ان ارکان کے ایوان میں داخلے پر پابندی لگائی جاتی ہے۔

















