کراچی میں پکنک منانے والوں کی گاڑی خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، بچوں سمیت سات افراد جاں بحق ہو گئے۔ بس میں سوار افراد پکنک پر جا رہے تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے، تین خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کی شکار کوسٹر میں فیملی موجود تھی، فیملی کے افراد ہاکس بے پکنک منانے جا رہے تھے، ایک ٹرالر یو ٹرن لے رہا تھا کوسٹر ڈرائیور تیزرفتاری سے آرہا تھا، ٹرالر کو دیکھ کر کوسٹر ڈرائیور نے گاڑی دوسری جانب موڑی جو فٹ پاتھ سے ٹکرائی اور الٹ گئی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ کے قریب کوسٹر اور ٹرالر میں تصادم کے باعث پیش آیا۔ زخمیوں اور لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ٹرالرکا ڈرائیورفرارہو گیا، ٹرالر کو تحویل میں لے لیا گیا، متاثرہ خاندان عزیزآباد کا رہائشی ہے۔
بعدازاں سات جاں بحق افراد کی میتوں کو سول اسپتال سے سہراب گوٹھ ایدھی سردخانے منتقل کردیا گیا۔ چودہ زخمیوں کو سول اسپتال میں طبی سہولیات فراہم کی گئی ہے، کچھ زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے بعد گھرروانہ کردیا، کچھ زیرعلاج ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ماڑی پور روڈ حادثے پرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے نقصان پر انتہائی دکھ ہوا ہے۔ انھوں نے سول اسپتال، ٹراما سینٹر اور جناح اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کا بہترین علاج کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس سے ماڑی پور ٹریفک حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور ٹریفک پولیس حادثات کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلٰی سندھ نے ہدایت کی کہ ایسے ڈرائیورز کا لائیسنس منسوخ کیا جائے جو مصروف شاہراہوں پر بھی تیز رفتاری کرتے ہیں، اس تیزرفتاری نے آج محصوم بچوں کے ساتھ ہستے بستے گھر اجاڑ دیے۔

















