اسلام آباد: چینی کی برآمد اور قیمتوں کے امور سے متعلق کابینہ کمیٹی تاحال تشکیل نہیں دی جاسکی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے گذشتہ اجلاس میں چینی کی برآمد اور قیمتوں کے کنٹرول کے لئے کابینہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو ابھی تک تشکیل نہیں دی جاسکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی تشکیل کا مقصد چینی کی برآمد کے بعد قیمتوں پر نظر رکھنا تھا، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے چینی کی زائد پیداوار کے بعد برآمد کی اجازت دی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ اجلاس میں وفاقی کابینہ کو چینی کے وافر ذخائر کی موجودگی پر بریف کیا گیا تھا۔
ذرائع نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کی برآمد کی صورت میں قیمتوں میں اضافے کو ہر قیمت پر رد کرنے کی ہدایت کی تھی۔
واضح رہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی مشروط منظوری دی تھی۔

















