Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وسطی یوکرین میں روسی حملے میں پانچ افراد ہلاک

یوکرین کے وسطی شہر نیپرو میں روسی ڈرون اور میزائل حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

علاقائی گورنر سرہی لیساک نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ بدھ کی علی الصبح ہونے والے دھماکے میں مزید 39 افراد زخمی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے سے دکانوں، اسکولوں اور اسپتالوں کو نقصان پہنچا ہے۔

لیساک نے اس حملے کو وحشیانہ قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی فوٹیج میں دھماکے کے بعد عمارتوں سے دھواں اور آگ کا ایک بڑا غبار نکلتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس حملے کی مذمت کی اور مغربی اتحادیوں سے اپنی حکومت کو مزید فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی اپیل کی۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ صرف دو چیزیں اس روسی دہشت گردی کو روک سکتی ہیں- ایک جدید فضائی دفاعی نظام اور دوسرا ہمارے ہتھیاروں کی طویل فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت۔

تقریبا دس لاکھ افراد پر مشتمل شہر نیپرو دو سال قبل جنگ شروع ہونے کے بعد سے روسی حملوں کا نشانہ رہا ہے۔ گزشتہ سال روسی میزائل شہر میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کی عمارت پر گرا تھا جس کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ اس نے بدھ کی علی الصبح شہر کو نشانہ بنانے والے چھ ڈرون اور سات میں سے پانچ میزائل مار گرائے۔

متعلقہ خبریں